{کل 3 قسطیں ہیں ! قسط نمبر 1}
از قلم ✒..... شیخ الاسلام شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ
⭐️الحمد لله نحمده و نستعینه و نستغفره و نومن به ونتوکل علیه و نعوذ بالله من شرور انفسنا و من سیئات اعمالنا من یهده الله فلا مضل له ومن یضلله فلا هادی له واشهدان لا اله الا الله وحده لا شریک له واشهد ان سیدنا ونبینا و مولانا محمدا عبده ورسوله صلی الله تعالیٰ علیه وعلی اله واصحابه وبارک وسلم تسلیما کثیرا اما بعد فاعو ذ بالله من الشیطن الرجیم بسم الله الرحمن الرحیم ان عدة الشهور عند الله اثنا عشر شهرا فی کتب الله یوم
⭐️قال اللہ تعالیٰ : خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضَ مِنۡہَاۤ اَرۡبَعَۃٌ حُرُمٌ ؕ (سورہ التوبۃ آیت نمبر 36)
⭐️امنت بالله صدق الله مولانا العظیم وصدق رسوله النبی اکریم و نحن علی ذلک من الشاهدین والشاکرین والحمدلله رب العالمین
⭐️حرمت والا مہینہ: بزرگان محترم اور برادران عزیز :/ آج محرم کی ساتویں تاریخ ہے اور تین دن کے بعد انشاء اللہ تعالیٰ عاشوراء کا مقدس دن آنے والا ہے یوں تو سال کے بارہ مہینے اور ہر مہینے کے تیس دن اللہ تعالیٰ کے پیدا کئے ہوئے ہیں لیکن اللہ جل شانہ نے اپنے فضل و کرم سے پورے سال کے بعض ایام کو خصوصی فضیلت عطاء فرمائی ہے اور ان ایام میں کچھ مخصوص احکام مقرر فرمائے ہیں یہ محرم کا بھی ایک ایسا مہینہ ہے جس کو قرآن کریم نے حرمت والا مہینہ قرار دیا ہے جو آیت میں نے آپ کے سامنے تلاوت کی ہے اس میں اللہ تعالیٰ نے یہ بتلا دیا کہ چار مہینے ایسے ہیں جو حرمت والے ہیں ، ان میں سے ایک محرم کا مہینہ ہے !
⭐️عاشوراء کا روزہ :/ خاص طور پر محرم کی دسویں تاریخ جس کو عام پر عاشوراء کہا جاتا ہے جس کے معنی ہیں دسواں دن یہ دن اللہ تعالیٰ کی رحمت و برکت کا خصوصی طور پر حامل ہے جب تک رمضان کے روزے فرض نہیں ہوئے تھے اس وقت تک عاشوراء کا روزہ رکھنا مسلمانوں پر فرض قرار دیا گیا تھا بعد میں جب رمضان کے روزے فرض ہوگئے تو اس وقت عاشوراء کے روزے کی فرضیت منسوخ ہوگئی لیکن حضور اکرم ﷺ نے عاشوارء کے دن روزہ رکھنے کو سنت اور مستحب قرار دیا ایک حدیث میں حضور اکرم ﷺ نے یہ ارشاد فرمایا کہ مجھے اللہ جل شانہ کی رحمت سے یہ امید ہے کہ جو شخص عاشوراء کے دن روزہ رکھے گا تو اس کے پچھلے ایک سال کے گناہوں کا کفارہ ہو جائے گا عاشوراء کے روزے کی اتنی بڑی فضیلت آپ ﷺ نے بیان فرمائی !
⭐️یوم عاشوراء ایک مقدس دن ہے :/ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عاشوراء کے دن کی فضیلت کی وجہ یہ ہے کہ اس دن میں نبی کریم ﷺ کے مقدس نواسے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت کا واقعہ پیش آیا اس شہادت کے پیش آنے کی وجہ سے عاشوراء کا دن مقدس اور حرمت والا بن گیا ہے یہ بات صحیح نہیں خود حضور اکرم ﷺ کے عہد مبارک میں عاشوراء کا دن مقدس دن سمجھا جاتا تھا اور آپ ﷺ نے اس کے بارے میں احکام بیان فرمائے تھے اور قرآن کریم نے بھی اس کی حرمت کا اعلان فرمایا تھا جبکہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت کا واقعہ تو حضور اکرم ﷺ کی وفات کے تقریباً ساٹھ سال کے بعد پیش آیا لہذا یہ بات درست نہیں کہ عاشوراء کی حرمت اس واقعہ کی وجہ سے ہے بلکہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت کا اس روز واقع ہونا یہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی مزید فضیلت کی دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو شہادت کا مرتبہ اس دن میں عطا فرمایا جو پہلے ہی سے مقدس اور محترم چلا آرہا تھا بہر حال یہ عاشوراء کا دن ایک مقدس دن ہے !
📚بحوالہ: اصلاحی خطبات📚
#محرم_اور_عاشوراء_کی_حقیقت
➖➖➖جاری ہیں
0 comments:
Post a Comment