{ماہ محرم الحرام اور یوم عاشورہ}

{کل 4 قسطیں ہیں ! قسط نمبر 1}

⭐️یوم عاشورہ زمانہ جاہلیت میں قریشِ مکہ کے نزدیک بڑا محترم دن تھا اسی دن خانہ کعبہ پر نیا غلاف ڈالا جاتا تھا اور قریش اس دن روزہ رکھتے تھے قیاس یہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی کچھ روایات اس کے بارے میں ان تک پہنچی ہوں گی رسول اللہ ﷺ کا دستور تھا کہ قریش ملت ابراہیمی کی نسبت سے جو اچھے کام کرتے تھے ان کاموں میں آپ ﷺ ان سے اتفاق و اشتراک فرماتے تھے اسی بنا پر حج میں بھی شرکت فرماتے تھے اپنے اس اصول کی بنا پر آپ ﷺ قریش کے ساتھ عاشورہ کا روزہ بھی رکھتے تھے لیکن دوسروں کو اس کا حکم نہیں دیتے تھے پھر جب آپ ﷺ مدینہ طیبہ تشریف لائے اور یہاں یہود کو بھی آپ ﷺ نے عاشورہ کا روزہ رکھتے دیکھا اور ان کی یہ روایت پہنچی کہ یہ وہ مبارک تاریخی دن ہے جس میں حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے نجات عطا فرمائی تھی اور فرعون اور اس کے لشکر کو غرقاب کیا تھا تو آپ ﷺ نے اس دن کے روزے کا زیادہ اہتمام فرمایا اور مسلمانوں کو بھی عمومی حکم دیا کہ وہ بھی اس دن روزہ رکھا کریں ! (بخاری شریف جلد 1 صفحہ 481)

⭐️بعض حدیثوں میں ہے کہ آپ ﷺ نے اس کا ایسا تاکیدی حکم دیا جیسا حکم فرائض اور واجبات کے لیے دیا جاتا ہے چنانچہ بخاری و مسلم میں سلمہ بن الاکوع رضی اللہ عنہ اور ربیع بنت معوذ بن عفراء رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے یوم عاشورہ کی صبح مدینہ منورہ کے آس پاس کی ان بستیوں میں جن میں انصار رہتے تھے یہ اطلاع بھجوائی کہ جن لوگوں نے ابھی تک کچھ کھایا پیا نہ ہو وہ آج کے دن روزہ رکھیں اور جنھوں نے کچھ کھاپی لیا ہو وہ بھی دن کے باقی حصے میں کچھ نہ کھائیں بلکہ روزہ داروں کی طرح رہیں بعد میں جب رمضان المبارک کے روزے فرض ہوئے تو عاشورہ کے روزہ کی فرضیت منسوخ ہوگئی اور اس کی حیثیت ایک نفل روزہ کی رہ گئی ! (بخاری شریف جلد 1 صفحہ 268 ، مسلم شریف جلد 1 صفحہ 360)

⭐️لیکن اس کے بعد بھی رسول اللہ ﷺ کا معمول یہی رہا کہ آپ ﷺ رمضان المبارک کے فرض روزوں کے علاوہ نفلی روزوں میں سب سے زیادہ اسی روزہ کا اہتمام فرماتے تھے جیسا کہ حدیث آگے آرہی ہے ! (معارف الحدیث جلد 4 صفحہ 168)

⭐️یوم عاشورہ کی تاریخی اہمیت :/ یوم عاشورہ بڑا ہی مہتم بالشان اور عظمت کا حامل دن ہے تاریخ کے عظیم واقعات اس سے جڑے ہوئے ہیں چنانچہ مؤرخین نے لکھا ہے کہ !

1) یوم عاشورہ میں ہی آسمان و زمین ، قلم اور حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا کیا گیا !

2) اسی دن حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی !

3) اسی دن حضرت ادریس علیہ السلام کو آسمان پر اٹھایا گیا !

4) اسی دن حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی ہولناک سیلاب سے محفوظ ہو کر کوہ جودی پر لنگرانداز ہوئی !

5) اسی دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کو خلیل اللہ بنایا گیا اور ان پر آگ گل گلزار ہوئی !

6) اسی دن حضرت اسماعیل علیہ السلام کی پیدائش ہوئی !

7) اسی دن حضرت یوسف علیہ السلام کو قید خانے سے رہائی نصیب ہوئی اور مصر کی حکومت ملی !

8) اسی دن حضرت یوسف علیہ السلام کی حضرت یعقوب علیہ السلام سے ایک طویل عرصے کے بعد ملاقات ہوئی !

9) اسی دن حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم بنی اسرائیل کو فرعون کے ظلم و استبداد سے نجات حاصل ہوئی !

10) اسی دن حضرت موسیٰ علیہ السلام پر توریت نازل ہوئی !

11) اسی دن حضرت سلیمان علیہ السلام کو بادشاہت واپس ملی !

12) اسی دن حضرت ایوب علیہ السلام کو سخت بیماری سے شفا نصیب ہوئی !

13) اسی دن حضرت یونس علیہ السلام چالیس روز مچھلی کے پیٹ میں رہنے کے بعد نکالے گئے !

14) اسی دن حضرت یونس علیہ السلام کی قوم کی توبہ قبول ہوئی اور ان کے اوپر سے عذاب ٹلا !

15) اسی دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش ہوئی !

16) اور اسی دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو یہودیوں کے شر سے نجات دلا کر آسمان پر اٹھایا گیا !

17) اسی دن دنیا میں پہلی باران رحمت نازل ہوئی !

18) اسی دن قریش خانۂ کعبہ پر نیا غلاف ڈالتے تھے !

19) اسی دن حضور اکرم ﷺ نے حضرت خدیجة الکبریٰ رضی اللہ عنہا سے نکاح فرمایا !

20) اسی دن کوفی فریب کاروں نے نواسۂ رسول ﷺ اور جگر گوشۂ فاطمہ رضی اللہ عنہا کو میدان کربلا میں شہید کیا !

21) اور اسی دن قیامت قائم ہوگی !

(بحوالہ جات : نزہة المجالس جلد 1 صفحہ 347 ، 348 ، معارف القرآن پارہ نمبر 11 آیت نمبر 98 ، معارف الحدیث جلد 4 صفحہ 168)
#ماہ_محرم_الحرام_اور_یوم_عاشورہ
====> جاری ہیں

SHARE

Milan Tomic

Hi. I’m Designer of Blog Magic. I’m CEO/Founder of ThemeXpose. I’m Creative Art Director, Web Designer, UI/UX Designer, Interaction Designer, Industrial Designer, Web Developer, Business Enthusiast, StartUp Enthusiast, Speaker, Writer and Photographer. Inspired to make things looks better.

  • Image
  • Image
  • Image
  • Image
  • Image
    Blogger Comment
    Facebook Comment

0 comments:

Post a Comment