ایک غور طلب تحریر...
ہم بوٹ بیسن بیٹھے ڈنر کر رہے تھے ... ایک میاں بیوی اپنے دو خوبصورت چھوٹے چھوٹے بیٹوں کے ساتھ ہمارے ساتھ والے کرسی میز پر بیٹھے . اپنی عادت سے مجبور میں نے ان کے ساتھ بیٹھے پیارے پیارے بچوں کو پیار کیا . خاتون کا موڈ تھوڑا خراب تھا لیکن میں نے غور نہ کیا یا یوں کہوں کہ غور کیا لیکن توجہ نہ دی . پانچ منٹ بھی نہ گزرے تھے آہستہ آہستہ اندازہ ہو گیا کہ خاتون سامنے بیٹھے اپنے شوہر سے لڑ رہی ہیں . یہ آوازیں جو پہلے آہستہ تھی اونچی ہونے لگیں . شوہر ایک ، دو باتوں کے علاوہ جواب نہ دیں سکا ، خاموشی سے خود کو تماشا بنتے دیکھ رہا تھا . کھانا ٹھنڈا ہو رہا تھا . بچے کبھی ماں کے غصے سے بھرے چہرے کو دیکھ رہے تھے اور کبھی باپ کے چہرے پر نمایاں شرمندگی کو . کبھی آس پاس موجود ان کا تماشا دیکھنے والے لوگوں کو دیکھتے تھے .
یہ میرے سامنے پہلی بار نہیں ہوا ، میں نے اکثر خواتین کو شوہر حضرات سے باقاعدہ بے عزتی کرواتے دیکھا ہے . اور میں یا کوئی بھی انھیں کچھ نہیں کہہ سکتے . اگر ایک شوہر بھرے مجمع میں بیوی کے ساتھ ناروا سلوک کریں تو سو بندا اکھٹا ہو جائے گا اور شوہر کو لعن طعن کرنا شروع کر دیں گے .
لیکن جب بھرے مجمع میں بیوی شوہر کی عزت کا جنازہ نکالے تو سب اندھے بن جائیں گے .
مرد کی بے عزتی ہو رہی ہو ہم کبھی آواز نہیں اٹھا سکتے . بلکہ ہم باہر بھری محفل میں اپنے شوہر یا کسی بھی مرد کے ساتھ ایسا رویہ رکھے ہی کیوں کبھی کسی نے سوچا ؟ سارے معاشرے کی کی ہوئی برائیوں کا بدلہ ایک مرد سے ہی کیوں لیا جاتا ہے ؟ کبھی سوچا ہے ؟
ایک کام کیجئے گوگل پر لفظ " عورت " لکھ کر ریسرچ کریں ، ہزاروں لوگوں نے لاکھوں کی تعداد میں عورت کے حقوق پر لکھا ، ان کی قربانیوں پر لکھا ، ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر لکھا . پھر لفظ " مرد " لکھ کر ریسرچ کیجئے . کچھ حاصل نہیں ہوگا . ہم سب خواتین کو حقوق دینے میں اتنے مصروف ہیں ، انکے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر شور مچانے میں اس قدر مصروف ہیں کہ مرد اور اس کے وجود پر بات کرنا بھی ہم نے گنوارہ نہیں کیا صاحب ....
کوئی افسانہ پڑھ لیجئے ، کوئی کہانی ، کوئی ناول غرض کوئی بھی تحریر لفظ مرد صرف مجرم ہے ، صرف دھوکہ ہے ، صرف ظالم ہے .
پاس بیٹھے اپنے باپ ، بھائی ، شوہر یا بیٹے کو دیکھ لیجئے . کیا یہ اتنے برے ہیں جتنا انہیں ٹی وی کے ہر ڈرامے میں دکھایا جاتا ہے ؟
جتنا ہر تحریر میں پڑھایا جاتا ہے . کبھی بیٹھ کر سوچیں تو سہی کیا مرد کے ، آپ کے باپ ، بھائی ، شوہر اور بیٹے کے کوئی حقوق نہیں ؟ کیا ان کے ساتھ کبھی کہیں کوئی زیادتی نہیں ہوئی ؟ اس بھائی کو دیکھا ہے کبھی جو گھر میں سب سے بڑا ہو اور چھوٹے بہن بھائیوں کی خوشی کے لئے انھیں پڑھانے لکھانے کے لئے اپنے خوابوں کو اپنے ہاتھوں سے روندتا ہے اور اپنی ساری زندگی بہن بھائیوں اور بیوی بچوں کے نام کر دیتا ہے .کبھی ایسے کسی بڑے بھائی کے لئے کچھ لکھا ، کچھ پڑھا ؟ کیا کبھی مردوں کے حق میں کوئی ریلی نکلی ؟ کبھی کوئی فلم ، کوئی ڈرامہ ان کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں پر تخلیق ہوا ؟
وہ جو آپ کے ساتھ چلتے ہیں تو آپ اپنے آپ کو محفوظ تصور کرتیں ہیں . 20 سال کی بہن 7 سال کے بھائی کو لے جاتی ہے بازار اور خود کو محفوظ سمجھتی ہے کہ بھائی ساتھ ہے . پھر ان کی شدید مخالفت میں لکھا ہوا کیسے پڑھ لیتی ہے ؟ ان کے بارے میں ہوئی تلخ گفتگو کیسے سن لیتی ہے ؟ .
کبھی سوچا کہ ایک شادی شدہ مرد اپنی بیوی اور ماں بہن کی باتیں سن کر کیا محسوس کرتا ہے ؟ کبھی سوچا ہے وہ لڑکا جو چھوٹی موٹی نوکریاں کر کے اپنی پڑھائی مکمل کرتا ہے اور اس کے بعد اپنی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے نوکری کے حصول کے لئے دھکے کھاتا ہے ،جب ناکام گھر لوٹتا ہے تو کیا محسوس کرتا ہے ؟ ایک باپ اپنے بچوں کی خاطر ، ایک شوہر اپنی بیوی کی فرمائشیں پوری کرنے کے لئے دن رات ،گرمی سردی ہر موسم میں صبح سے شام سخت محنت کرتا ہے کبھی دیکھئے وہ اس محنت سے کماۓ پیسوں میں سے اپنے لئے کیا خریدتا ہے؟
کچھ بھی نہیں ...
پھر بھی محض ایک % لوگوں کی وجہ سے آپ اپنے لئے دن رات محنت کرنے والے اور آپ کو ساری زندگی تحفظ دینے والے کے حق میں آپ ایک لفظ نہیں کہہ پاتیں ، نہیں لکھ پاتیں .کیوں ؟ آخر کیوں ؟
آج اپنے باپ ، بھائی ، شوہر یا بیٹے کے گھر پہنچنے کا انتظار کیجئے اور ایک بار محض ایک بار انھیں اپنی طرح انسان سمجھ کر ان کی مشکلات پر بھی بات کریں . ایک دن ، فقط ایک دن ان کو نہ بتاۓ کہ آج گھر میں ان کی ماں یا بیوی نےآپ کی شان میں کیا گستاخی کردی .
ایک بار ان کی اس تمام تر محنت کے لئے انکا شکریہ ادا کیجئے جو وہ آپ کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے کرتے ہیں . ہمارے محافظوں کا اتنا حق تو بنتا ہے .
No comments:
Post a Comment