Pages

Thursday, 10 January 2019

قسط 3 آخری خواہش

ماں اسکی تھکن اور اکتاہٹ بہت عرصے سے محسوس کر رہی تھی، وہ جانتی تھی کہ اسکا دل تو کب کا مر چکا ہے اب کہیں یہ احساسات سے عاری بدن سانس لینا  نہ چھوڑ دے، سو اس نے اچھی لڑکی دیکھ کر اسکی شادی کر دی.
عینی اگرچہ نیلم سی حسین نہ تھی پر وہ ایک سلجھی ہوئی سلیقہ شعار لڑکی تھی اس نے آتے ہی گھر اور اس گھر کے مکینوں کو اچھے سے سنبھال لیا تھا، اس گھر میں زندگی کی رونقیں لوٹنے لگی تھیں.
حنا بھی جلد ہی اسکے ساتھ گھل مل گئی تھی.... وہ نیلم کی یادوں سے جان چھڑا لینا چاہتا تھا سو عینی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت بیتاتا.
ماں باپ اسے خوش دیکھ کر مطمئن ہو گئے، اللہ نے عینی کی گود جلد بھر دی، اسکی خوشیاں دو بھر ہو گئی اللہ نے اسے بیٹے جیسی نعمت عطا کی تھی وہ اب سب غم بھولنے لگا تھا. ویک اینڈ پر جب حنا نے بھائی دیکھا تو خوشی سے پاگل ہو گئی، وہ سارا دن بھائی کے پاس بیٹھی رہی، کسی کے ساتھ نہیں کھیلی، اسے تو اک نیا کھلونا مل گیا.
آج تو اسکا واپس گھر جانے کو بھی دل نہیں چاہ رہا تھا پر واپس تو جانا تھا.
اگلی بار جب وہ آئی تو اس میں وہ پہلے سا جوش نہ تھا وہ بھائی کے پاس بس تھوڑی دیر کو آئی، اس روز عینی کی طبیعت کچھ ٹھیک نہ تھی وہ آرام کر رہی تھی سو احمد کو وہی سنبھال رہا تھا، حنا کو یہ بات بہت ناگوار گزر رہی تھی وہ بار بار باپ سے ضد کرتی کہ وہ اسے چھوڑ دے اسے اسکی ماں سنبھالے آپ میرے ساتھ کھیلیں، مجھے آپ کے ساتھ پارک جانا ہے. وہ اسے سمجھاتا رہا کہ آج نہیں جا سکتے عینی کی طبیعت ٹھیک نہیں وہ بھائی کو نہیں سنبھال سکتی، آؤ ہم بھائی کے ساتھ کھیلتے ہیں پر وہ نہیں مانی اور ناراض ہو گئی، اسے منانے کی بہت کوشش کی گئی پر وہ نہ مانی اور ناراضگی لئیے ہی واپس چلی گئی.
پھر ایسا ہونا معمول بن گیا وہ جتنا حنا کو خوش رکھنے کی کوشش کرتا وہ کسی نہ کسی بہانے ناراض ہو ہی جاتی، بھائی بھی اسے اچھا نہیں لگتا تھا، سب حیران تھے کہ وہ تو بھائی دیکھ کر پاگل ہو گئی تھی اب اسے کیا ہو گیا ہے، عینی سے بھی بد تمیزی کرنے لگی تھی جو سب کو بہت برا لگتا تھا.رفتہ رفتہ وہ سب سے دور ہوتی چلی گئی اب وہ ملنے نہیں صرف فارمیلیٹی پوری کرنے آیا کرتی، یہاں آ کر کسی سے بھی زیادہ بات نہ کرتی بلکہ ماں کے ساتھ فون پر باتیں کرتی رہتی.... اسکا بدلہ ہوا رویہ کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا.
وقت گزرتا رہا دوریاں بڑھتی رہی.....
پھر ایک وہ آیا کہ حنا نے یہاں آنے سے انکار کر دیا اس نے بیٹی کی بہت منتیں کیں پر اسے کوئی پرواہ نہ تھی.
وہ بے مقصد گاڑی سڑکوں پر دوڑاتا رہا، آنسو تھے کہ رک ہی نہ رہے تھے اسے حنا کے کھو جانے کا خوف ہو گیا.....
گھر جانے کو بھی دل نہیں چاہ رہا تھا کہ بوڑھے ماں باپ کی مایوس آنکھوں کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہیں تھا اس میں.
اگلے ویک اینڈ پر وہ اسے لینے نہیں گیا سوچا کہ اسکا غصہ ذرا کم ہو پھر لینے جائے.
دو دن بعد حنا کا فون آیا موبائل کی سکرین پر حنا کا نام دیکھ کر اسکے لبوں پر مسکراہٹ آ گئی.... لگتا ہے میری بٹیا رانی اداس ہو گئی ہے.... اس نے سوچا اور فون اٹھا لیا.... نہ کوئی سلام نہ دعا.... اب مجھے ملنے یا لینے کبھی نہ آنا، مجھے کسی سے نہیں ملنا..... سپاٹ لہجے میں کہہ کر اس نے فون رکھ دیا..... کتنی ہی دیر وہ یونہی کھڑا اسکے الفاظوں پر غور کرتا رہا.... کیا یہ میری ہی حنا ہے.... وہ تو کبھی ایسی نہ تھی پھر یہ کون ہے کس کے الفاظ تھے کس کا لہجہ تھا..... قریب تھا کہ وہ گر پڑتا، اس نے خود کو سنبھالا اور کرسی پر بیٹھ گیا.
ساری رات وہ سو نہ سکا حنا کے الفاظ اسکے کانوں میں گونجتے رہے...... صبح ہوتے ہی اس نے حنا سے ملنے کا فیصلہ کر لیا حالانکہ ویک اینڈ میں ابھی چار دن باقی تھے.....
وہاں پہنچا تو گیٹ پر تالا اسے منہ چڑھا رہا تھا سامنے والوں کی بیل بجا کر پوچھنے پر پتہ چلا کہ یہ لوگ کچھ دن پہلے یہاں سے کہیں اور شفٹ ہو گئے ہیں اور کہاں یہ کوئی نہیں جانتا تھا..... وہ سر پکڑ کر بیٹھ گیا کہ اتنے بڑے شہر میں اسے کہاں ڈھونڈے اور یہ بھی کنفرم نہ تھا کہ وہ اسی شہر میں تھی.
وقت کا کام ہے گزرنا سو وہ تو گزرتا رہا پر اسکی زندگی اک بار پھر اندھیر ہو گئی اسکی خوشیاں کہیں کھو گئی. نیلم اب بھی اسے یاد آتی پر اب اسکا پیار نہیں اسکی زیادتیاں یاد آتی تھیں. وہ اکثر سڑکوں پر گاڑی لئے گھومتا رہتا کہ شاید کہیں اسے حنا یا نیلم نظر آ جائے. اکثر جب دل گھبراتا تو اسکے پرانے مکان کے سامنے جا کر بیٹھ جاتا، اسے لگتا کہ ابھی گیٹ کھلے گا اور حنا بابا بابا کہتی اس سے آ لپٹے گی جب ایسا نہ ہوتا تو وہ روتا ہوا وہاں سے اٹھ جاتا....
کہتے ہیں وقت بہت بڑا مرہم ہوتا ہے پر جانے کیوں اسکا زخم ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید خراب ہو رہا تھا.... وہ مایوس ہونے لگا تھا...
جاری ہے)

No comments:

Post a Comment