دل خطا کار بھی ہے ، سوز سے معمور بھی ہے
ہے دوا ساتھ ، مگر جسم میں ناسور بھی ہے
ہے کمی کوئی اگر آج ، تو موسیٰ کی کمی
صاحبِ کُن بھی ہےموجود، ابھی طور بھی ہے
کس میں جرات ہے کہ الزام لگائے اس پر
وہ ستم سنج برہنہ بھی ہے، مستور بھی ہے
قائدِ قوم سے پوچھے کوئی موقع پا کر
نعرہ گردی ہے فقط ، یا کوئی منشور بھی ہے؟
غیر ممکن ہے کہ کھا جائیں کلیسا سے شکست
آپ کی صف میں اگر نازشِ میسور بھی ہے
آج ہر شخص لگاتا ہے انا الحق کی صدا
اب تو ہر فرد ہی حجاج بھی، منصور بھی ہے
ایسا لگتا ہے کہ زمزم میں تھی مے بھی شامل
چشمِ حُجّاج ہے پرنور بھی ، مخمور بھی ہے
تیرے ایماں میں ترقی ہو تو آخر کیوں ہو؟
پاس قرآن بھی ہے ، زیرِ بغل حور بھی ہے
روز دیتے ہیں بیانات بھی وہ اس کے خلاف
اور آئینِ حکومت انہیں منظور بھی ہے
No comments:
Post a Comment