Pages

Monday, 31 December 2018

*سونے سے پہلے شکر ادا کرنا*


🌸🌹📖🌹🌸📖🌹🌸📖
*نعمتوں کا استحضار اور ان پر شکر*
رات کو سونے سے پہلے بیٹھ کر ساری نعمتوں کااستحضار کرلو کہ گھر عافیت کا ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔
بستر آرام دہ ہے۔ اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ وَلَکَ الشُّکْرُ۔
میں عافیت سے ہوں ، اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ وَلَکَ الشُّکْرُ۔
بچہ عافیت سے ہے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ وَلَکَ الشُّکْرُ۔
ایک ایک نعمت کا استحضار کرکے رٹ لگائو۔
*حضرت ڈاکٹر عبدالحی ٔ صاحب قدس اللہ سرہٗ*  فرمایا کرتے تھے کہ میں نے یہ چیز اپنے نانا سے سیکھی ہے۔ ایک مرتبہ میں ان کے گھر گیا تو رات کو میں نے دیکھا کہ وہ سونے سے پہلے بستر پر بیٹھے ہوئے ہیں اور بار بار، بار بار اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ وَلَکَ الشُّکْرُ۔
اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ وَلَکَ الشُّکْرُ۔ پڑھ رہے ہیں ۔ اور عجیب کیفیت میں یہ عمل کر رہے ہیں ۔ میں نے پوچھا کہ حضرت! یہ کیا کر رہے ہیں ؟ فرمانے لگے: بھائی! سارے دن تو معلوم نہیں کس حالت میں رہتا ہوں اور یہ پتہ نہیں لگتا کہ شکر ادا ہورہا ہے یا نہیں ۔ اِس وقت بیٹھ کر دن بھر کی ساری نعمتوں کا استحضار کرتا ہوں اور پھر ہرنعمت پر اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ وَلَکَ الشُّکْرُ۔کہتا جاتا ہوں ۔ حضرت ڈاکٹر صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جب میں نے یہ دیکھا تو اس کے بعد الحمد للہ میں نے بھی اس کو اپنے معمول میں شامل کرلیا کہ رات کو سوتے وقت سب نعمتوں کا استحضار کرکے شکر ادا کرتا ہوں ۔

🌹... *شکر ادا کرنے کا آسان طریقہ*
اورنبی کریم ﷺ پر قربان جائیں ۔ آپ نے ہرہرچیز کے طریقے بتادیئے ہیں ۔ کہاں تک انسان شکر ادا کرے گا۔ بقول *شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ کے، فرماتے ہیں کہ ایک سانس پر دو شکر واجب ہیں ۔ سانس اندر جائے اور باہر نہ آئے تو موت۔ اور اگر سانس باہر آئے پھر اندر نہ جائے تو موت۔ تو ایک سانس پر دونعمتیں ، اور ہرنعمت پر ایک شکر واجب ہے۔ اس طرح ہرسانس پر دوشکر واجب ہوگئے۔* اس لئے اگر انسان سانس ہی کی نعمت کا شکر ادا کرنا چاہے تو کہاں تک کرے گا۔ ’’وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَۃَ اللّٰہِ لاَتُحْصُوْہَا‘‘ اس لئے سرکارِ دوعالم ﷺ نے شکر کرنے کا ایک آسان طریقہ بتادیااور چند کلمات تلقین فرمادیئے۔ ہرمسلمان کو یاد کرلینے چاہئیں ۔ فرمایا کہ:
*’’اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ حَمْدًا دَائِمًا مَعَ دَوَامِکَ، وَخَالِدًا مَعَ خُلُوْدِکَ، وَلَکَ الْحَمْدُ حَمْدًا لاَمُنْتَہٰی لَہٗ دُوْنَ مَشِیَّتِکَ، وَلَکَ الْحَمْدُ حَمْدًا لاَیُرِیْدُ قَائِلُہٗ اِلاَّ رِضَاکَ‘‘*  (کنزالعمال: ج؍۲، ص؍۲۲۳، حدیث نمبر:۳۸۵۷)
’’اے اللہ! آپ کا شکر ہے۔ ایسا شکر کہ جب تک آپ ہیں ۔ اس وقت تک وہ شکر جاری رہے، اور جس طرح آپ جاوداں ہیں اسی طرح وہ شکر بھی جاوداں رہے اور آپ کی مشیت کے آگے جس کی کوئی انتہا نہ ہو۔ اور آپ کی ایسی حمد کرتا ہوں جس کے کہنے والے کو سوائے آپ کی رضا کے کچھ مطلوب نہیں ‘‘۔

🌹... *شکر کیلئے دو مزید دعائیں*
ایک دوسری حدیث میں ارشاد فرمایا:
*اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ زِنَۃَ عَرْشِکَ، وَمِدَادَ کَلِمَاتِکَ، وَعَدَدَ خَلْقِکَ، وَرِضَانَفْسِکَ۔*
(ابودائود، کتاب الصلوٰۃ، باب التسبیح بالخفی)
فرمایا: میں آپ کا شکر کرتا ہوں جتنا آپ کے عرش کا وزن ہے۔ اور اتنا شکر ادا کرتا ہوں جتنی آپ کے کلمات کی سیاہی ہے۔ قرآن کریم میں ہے کہ اگر کوئی شخص اللہ تعالیٰ کے تمام کلمات کو لکھنا چاہے، اور ساتوں کے ساتوں سمندر اس کے لئے سیاہی بن جائیں اور اس سے اللہ تعالیٰ کے کلمات لکھے جائیں تو سارے سمندر خشک ہوجائیں لیکن اللہ تعالیٰ کے کلمات ختم نہ ہوں ۔ تو آپ کے کلمات لکھنے کے لئے جتنی سیاہی درکار ہوسکتی ہے اس کے بقدر شکر ادا کرتا ہوں ۔ اور جتنی آپ کی مخلوقات ہیں یعنی انسان، جانور، درخت، پتھر، جمادات، نباتات سب جتنی مقدار میں ہیں ۔ اس کے برابر شکر ادا کرتا ہوں ۔ اور آخر میں فرمایا کہ اتناشکر ادا کرتا ہوں جس سے آپ راضی ہوجائیں ۔
اب اس سے زیادہ انسان اور کیا کہہ سکتا ہے لہٰذا رات کو سوتے وقت ہرشخص کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے اور یہ کلمات کہہ لینے چاہئیں:
*اَللّٰہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ مَلِیًّا عِنْدَ کُلِّ طَرْفَۃِ عَیْنٍ، وَتَنَفُّسِ نَفَسٍ۔* (کنزالعمال: ج؍۲، ص؍۲۲۳، حدیث نمبر:۳۸۵۷)
اے اللہ! آپ کی تعریف اور آپ کا شکر ہے ہر آنکھ جھپکنے کے وقت اور ہر سانس لینے کے وقت۔
بہرحال! یہ شکر کے کلمات جو نبی کریم ﷺ نے تلقین فرمائے ہیں یاد کرلینے چاہئیں اور رات کو سوتے وقت ان کلمات کو پڑھ لینا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
➖➖➖➖➖➖➖➖
✔- کتاب: اصلاحی خطبات،جلد1،صفحہ 205

No comments:

Post a Comment